وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی کارکردگی کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس

24

اسلام آباد، 19 دسمبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ایف بی آر کے انسدادِ سمگلنگ اقدامات کی پیش رفت اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے انسدادِ سمگلنگ کی کامیاب کارروائیوں پر ایف بی آر اور پاکستان کسٹمز کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال قوم کا اربوں روپے کا قیمتی سرمایہ سمگلنگ کی نذر ہوتا ہے جبکہ پاکستان کسٹمز کی مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں سمگلنگ میں خاطر خواہ کمی آنا قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام سے متعدد اشیاء اب قانونی طور پر درآمد ہو کر معیشت کا باضابطہ حصہ بن رہی ہیں۔

وزیراعظم نے ٹیکس چوری کے خلاف اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ ٹیکس چوری اور سمگلنگ کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کو غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف قانونی کارروائیوں میں ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت بھی کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سمگلنگ کی روک تھام کے لیے پورے ملک میں کسٹمز کا مربوط نظام نافذ ہے۔ راہگزر ایپ کے ذریعے ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے اور غیر قانونی پمپس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو نئے پیٹرولیم ایکٹ کے تحت غیر قانونی مشینری ضبط کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی دورانِ نقل و حمل جی پی ایس ٹریکنگ کے لیے نظام نافذ العمل ہو چکا ہے۔

بریفنگ کے مطابق جولائی سے نومبر 2025 کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ کی روک تھام کے نتیجے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں محصولات میں 82 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ پانچ ماہ میں سگریٹ، ٹائرز، کپڑے، الیکٹرانکس اور دیگر متعدد مصنوعات کی غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف اقدامات کے باعث بھی محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔