وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کے شعبے میں اصلاحات پر جائزہ اجلاس، نجکاری اور جدید نظام پر زور

13

‎اسلام آباد، 15 دسمبر ( اے پی پی):  وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم کو پاور سیکٹر روڈمیپ پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

‎اجلاس میں وزیراعظم نے بجلی کی ترسیل کار کمپنیوں (ڈسکوز) اور پیداواری کمپنیوں (جینکوز) کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کے نظام کی نجکاری کے ذریعے ملک میں مسابقت پر مبنی بجلی کی مارکیٹ کی تشکیل ہی توانائی کے مسائل کا پائیدار حل ہے۔

‎وزیراعظم نے بجلی کی ترسیل کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعلقہ ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کے نظام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجی شعبے کی شمولیت سے کام شروع کیا جائے۔

‎اجلاس کو بجلی کی پیداوار، ترسیل، ڈسکوز اور جینکوز کی نجکاری اور پاور سیکٹر میں دیگر اصلاحات کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تین ترسیل کار کمپنیوں آئیسکو (IESCO)، فیسکو (FESCO) اور گیپکو (GEPCO) کی نجکاری کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں اور اس ضمن میں ایکسپریشن آف انٹرسٹ (EoIs) جلد شائع کیے جائیں گے۔

‎مزید بتایا گیا کہ بجلی کی ترسیل کے نظام کی بہتری کے لیے 500 کے وی غازی بروتھا-فیصل آباد ٹرانسمشن لائن کا پی سی ون منظوری کے مراحل میں ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ درآمدی کوئلے پر چلنے والے پلانٹس کو تھر کول پر منتقل کرنے کے لیے ٹیکنیکل فیزیبیلیٹی مکمل ہو چکی ہے جبکہ تھر کول کی پلانٹس تک منتقلی کے لیے ریلوے لائن پر کام جاری ہے۔

‎اجلاس میں مسابقت پر مبنی بجلی کی مارکیٹ کی آپریشنلائزیشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق مسلسل کوششوں کے نتیجے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں لائن لاسز میں کمی آئی ہے۔

‎بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے منصوبے سے متعلق بتایا گیا کہ اس کی کانسیپٹ کلیئرنس پروپوزل کی منظوری ہو چکی ہے اور فیزیبیلیٹی اسٹڈی جاری ہے۔