وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ہارون اختر خان سے ترک وفد کی ملاقات،سرمایہ کاری، جوائنٹ وینچرز اور کاروباری سہولتوں کے فروغ پر تبادلۂ خیال

24

اسلام آباد،12دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت وپیداوار ہارون اختر خان سے ترکی کے بزنس وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکی کے درمیان سرمایہ کاری، جوائنٹ وینچرز اور کاروباری سہولتوں کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

 اجلاس میں پی آئی ڈی سی، سمیڈا اور انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیوز سمیت سرکاری و نجی شعبے کے نمائندے شریک ہوئے۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن برادر ممالک کے ساتھ معاشی تعلقات مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم  ایک ارب ڈالر کے قریب ہے، جس کو پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔

ترک وفد نے کہاکہ ایل سی ڈبلیو سمیت کئی ترک ٹیکسٹائل برانڈز پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ وفد نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں ترک بینک کھولنے کی بھی درخواست پیش کی۔ اس حوالے سے ہارون اختر خان نے یقین دہانی کروائی کہ ترک سرمایہ کاروں کے لیے لیٹر آف کریڈٹ اور بینکنگ سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کاروباری ماحول میں بہتری کے لیے ریگولیٹری اصلاحات متعارف کرا رہا ہے، جبکہ قومی صنعتی پالیسی وزیراعظم کی ہدایت پر تیار کی گئی ہے، جس میں سرمایہ کاروں کے لیے اہم سہولتیں شامل ہیں۔ترک وفد نے استنبول ۔تہران۔اسلام آباد تجارتی راہداری کے جلد آغاز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

 ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کی لینڈ لیز پالیسی بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے صنعت کاری کے مواقع مہیا کرتی ہے اور ترک سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک نے وسیع تر شعبوں میں تعاون اور مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیا۔