وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کرسمس کی 12 روزہ تقریبات جاری، صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کا یتیم بچوں کے ساتھ کرسمس منانے یوحنا آباد کا دورہ

13

لاہور 16 دسمبر ( اے پی پی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ اقلیتی امور کے زیر اہتمام کرسمس کی 12 روزہ تقریبات صوبہ بھر میں جوش و خروش سے جاری ہیں۔ انہی تقریبات کے سلسلے میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے یوحنا آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یتیم بچوں کے ساتھ کرسمس کی خوشیاں منائیں۔

 اس موقع پر ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر نے بچوں میں کرسمس کے تحائف تقسیم کیے جبکہ بچوں کی تواضع لذیذ کھانوں سے کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ کرسمس صرف ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ انسانیت سے محبت اور بھائی چارے کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت تھی کہ کرسمس کی خوشیاں ان معصوم یتیم بچوں کے ساتھ منائی جائیں۔

 رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ اقلیتی برادری پنجاب کی ترقی میں برابر کی شریک ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں اقلیتوں کے حقوق مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور اقلیتوں کے لیے تاریخی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مینارٹی کارڈز میں اضافہ مسیحی برادری کے لیے ایک عملی تحفہ ہے جبکہ تعلیمی اداروں، مختلف گرجا گھروں اور کمیونٹی کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مذہبی اقلیتوں کے تہوار سرکاری سطح پر منائے جا رہے ہیں اور پنجاب حکومت کے زیر اہتمام پورے صوبے میں 12 روزہ کرسمس تقریبات جاری رہیں گی۔