وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب کی باضابطہ منظوری، یکم جنوری 2026ء سے پہلی مرتبہ پے آرڈر کے ذریعے ادائیگیاں کی جائیں گی

62

لاہور، 03 دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب کی باضابطہ منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اعزازیہ کارڈ کے اجرا کی ڈیڈ لائن فروری 2026ء مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ آئمہ کرام کو یکم جنوری 2026ء سے پہلی مرتبہ پے آرڈر کے ذریعے ادائیگیاں کی جائیں گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یکم فروری 2026ء سے اعزازیہ کی ادائیگی براہِ راست وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب کے ذریعے کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ آئمہ کرام کی رجسٹریشن کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے۔ پنجاب بھر میں اب تک 62 ہزار 994 رجسٹریشن فارم وصول ہوچکے ہیں اور ان کی تصدیق کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ملک و قوم کے مفادات کے خلاف سرگرمیوں، اخلاقی یا مالی جرائم میں ملوث کسی بھی امام مسجد کا اعزازیہ فوری طور پر بند کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبے بھر میں مسجد مینجمنٹ کمیٹیاں اور تحصیل مینجمنٹ کمیٹیاں قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ ہر ماہ آئمہ کرام کو مدعو کرکے میٹنگز منعقد کریں اور ان کے مسائل کے حل میں فعال کردار ادا کریں۔ اجلاس میں امن و امان سے متعلق اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے حساس علاقوں میں مسلسل کومبنگ آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا۔ مزید برآں، سیف سٹی کیمروں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی روک تھام کے لیے سخت قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فورتھ شیڈول کے جرائم پیشہ افراد کی ڈیجیٹل نگرانی کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔ اجلاس میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا بھی حکم دیا گیا۔