لاہور، 23 دسمبر( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر افرادِ باہم معذوری میں وہیل چیئرز اور معاون آلات کی تقسیم کی تقریب ڈائریکٹوریٹ جنرل سوشل ویلفیئر میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ تھے۔تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری سوشل ویلفیئر آمنہ منیر، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر طارق قریشی سمیت محکمے کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع لاہور سے آئے 111 مستحق افرادِ باہم معذوری میں وہیل چیئرز اور مختلف معاون آلات تقسیم کیے گئے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ اب تک پورے پنجاب میں مجموعی طور پر 12 ہزار 245 معاون آلات افرادِ باہم معذوری میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ تقسیم کیے جانے والے آلات میں مینول اور الیکٹرک وہیل چیئرز، ٹرائی سائیکل، واکرز اور دیگر معاون سہولیات شامل ہیں۔سہیل شوکت بٹ نے تقریب کے دوران افرادِ باہم معذوری سے ان کی نشستوں پر جا کر ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ افرادِ باہم معذوری کو باوقار اور خودمختار زندگی کی طرف لانا حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب کا ’’معذوری سے پاک پنجاب‘‘ کا وژن عملی شکل اختیار کر رہا ہے جبکہ خصوصی افراد کو ہمت کارڈ، وہیل چیئرز اور معاون آلات کی فراہمی فلاحی ریاست کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔











