اسلام آباد، 18 دسمبر 2025 (اے پی پی): وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری سے چینی شینڈونگ زِنکسو گروپ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نےملاقات کی جس میں پورٹ قاسم پر مجوزہ میگا صنعتی منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران پورٹ قاسم میں جامع بحری صنعتی کمپلیکس کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ بحری امور نے کہا کہ مجوزہ منصوبے پر ایک سے دو ارب یورو تک سرمایہ کاری کا امکان ہے اور اس کی کامیابی کیلئے اسٹیل جیٹی کی بحالی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ شینڈونگ زِنکسو گروپ پورٹ قاسم پر جہاز سازی اور جہاز توڑنے کی صنعت قائم کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے جبکہ پورٹ سے منسلک جدید اسٹیل مل کے قیام کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔انہوں نے کہا کہ منصوبے میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے، ویلیو ایڈیشن بڑھانے اور ماحولیات کے تحفظ کو ترجیح دی جائے گی جبکہ اس کا ایک اہم ہدف اسٹیل مصنوعات میں درآمدی انحصار کم کرنا ہے۔
وزیرِ بحری امور کے مطابق منظوری کی صورت میں یہ منصوبہ پاکستان کی بڑی صنعتی سرمایہ کاریوں میں شامل ہو سکتا ہے۔











