اسلام آباد: 5 دسمبر )اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے اٹلی کی ٹریڈ ایجنسی کے سربراہ سالواتور پراانو سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور اٹلی نے ماربل انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تکنیکی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ملاقات میں وفاقی سیکریٹری صنعت و پیداوار سیف انجم اور سی ای او پیسڈیک بھی شریک تھے۔
ملاقات میں پاکستان کی ماربل انڈسٹری کی بہتری، اسکلز ڈویلپمنٹ اور ویلیو ایڈیشن کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ہارون اختر خان نے بتایا کہ اٹلی سے ماہرین کی ایک ٹیم کو پاکستان مدعو کیا جائے گا جو مقامی ماربل انڈسٹری کا جامع جائزہ لے کر تکنیکی تجاویز پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ماہرین اور مقامی صنعت کی مشاورت سے قومی ماربل انڈسٹری کو مضبوط بنیادیں فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی ماربل پالیسی کی تیاری اور اس اہم سیکٹر کو جدید خطوط پر فروغ دینے کی ہدایات دی ہیں۔ ہارون اختر خان کے مطابق پاکستان میں ماربل کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے، اس لیے ویلیو ایڈیشن، نئی ٹیکنالوجی اور جدید تکنیک کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اٹلی ٹریڈ ایجنسی کے سربراہ نے ماربل کے معیار کی بہتری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعاون کے لیے تیار ہے۔ اس موقع پر ہارون اختر خان نے پیسڈیک کو ہدایت کی کہ وہ آئی ٹی اے اور بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ مل کر جامع پلان تیار کرے اور رپورٹ پیش کرے۔











