پاکستان،کرغزستان صدور کا مختلف شعبوں مںر شراکت داری کو وسعت دینے کا عزم

13

اسلام آباد، 4دسمبر  (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری اور کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، تعلیم، بینکاری اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔

وفود کی سطح پر ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نےپاکستان،کرغزستان بزنس فورم میں کرغز کاروباری وفد کی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار ہے۔

صدر مملکت نے کاسا 1000 منصوبے کے کرغز حصے کی تکمیل پر کرغزستان کو سراہا۔دونوں صدور نے علاقائی روابط پر بھی تبادلہ خیال کیا اور چہار فریقی ٹریفک ان ٹرانزٹ معاہدے کے تحت فعال زمینی راہداری پر اطمینان کا اظہار کیا۔

۔صدر آصف علی زرداری نے کرغزستان کو بحیرہ عرب تک سب سے مختصر اور کم لاگت راہداری فراہم کرنے کی تیاری کا اعادہ کیا اور تجارت، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے براہ راست پروازوں کے اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں دونوں جانب کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔