وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی حضوری باغ میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب میں خصوصی شرکت

14

لاہور، 24 دسمبر (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے حضوری باغ لاہور میں سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے زیر اہتمام کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، کمشنر لاہور مریم خان اور ڈپٹی کمشنر موسیٰ رضا بھی موجود تھے۔  ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا جبکہ صوبائی وزیر نے کرسمس کیک کاٹا اور پاسٹر حامد عزیز نے دعا کرائی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے مسیحی برادری خصوصاً سُتھرا پنجاب کے ورکرز کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرسمس خوشی، محبت اور مسرت کا تہوار ہے اور ہم سب مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سُتھرا پنجاب کے اصل ہیروز ہمارے ورکرز ہیں اور آج سُتھرا پنجاب کی کامیابی کے چرچے پوری دنیا میں ہو رہے ہیں تو اس کا سہرا انہی محنتی ہیروز کے سر ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ عالمی ماہرین کا کہنا تھا کہ مؤثر صفائی کا نظام لانا دس سال سے پہلے ممکن نہیں، مگر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صرف آٹھ ماہ کے اندر ایک مضبوط اور مؤثر نیٹ ورک قائم کر کے دکھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج سُتھرا پنجاب دنیا کا سب سے بڑا صفائی کا نظام بن چکا ہے، جس کے تحت ڈیڑھ لاکھ افراد کو براہِ راست جبکہ لاکھوں خاندانوں کو بالواسطہ روزگار ملا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی میں نوکریاں دینے اور گھر بنانے کے صرف دعوے کیے جاتے رہے، لیکن موجودہ حکومت نے عملی اقدامات کے ذریعے یہ وعدے پورے کیے۔

 انہوں نے بتایا کہ فوربز، بلومبرگ اور بی بی سی جیسے عالمی شہرت یافتہ میڈیا ادارے سُتھرا پنجاب کی کارکردگی کو سراہ رہے ہیں، جبکہ ماضی میں بین الاقوامی جریدے پنجاب پر صرف تنقید کیا کرتے تھے۔ انہوں نے اس کامیابی کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے دلیرانہ فیصلوں کا نتیجہ قرار دیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب جس بھی تقریب میں شرکت کرتی ہیں وہاں سُتھرا پنجاب کا ذکر ضرور کرتی ہیں۔ سُتھرا پنجاب کے ورکرز کے لیے مریم نواز راشن کارڈ کا اجرا شروع ہو چکا ہے، جبکہ عیدالاضحیٰ اور سیلاب کے مواقع پر یہی ورکرز سوشل ورکرز بن کر عوام کی خدمت کرتے نظر آئے۔

 اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور کمشنر لاہور مریم خان نے بھی ورکرز کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد ورکرز کی خوشیوں میں شریک ہونا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ سُتھرا پنجاب کی کامیابی سے متعلق تمام شکوک و شبہات غلط ثابت ہوئے ہیں۔

 انہوں نے شہریوں میں سوِک سینس بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح کوڑا اٹھانے کا وقت مقرر ہے، اسی طرح کوڑا پھینکنے کا بھی ایک وقت ہونا چاہیے۔ کمشنر لاہور مریم خان نے کہا کہ سُتھرا پنجاب کی بدولت ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت پہلی بار دیہات تک مؤثر انداز میں پہنچی ہے اور اب روزانہ سُتھرا پنجاب کے ورکرز دیہی علاقوں کے شہریوں سے براہِ راست رابطہ کر رہے ہیں۔

ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر اپنے ہیروز کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ورکرز کو سوشل سکیورٹی اور گروپ انشورنس کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور آئندہ بھی ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔