لاہور، 20 دسمبر (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت محکمہ بلدیات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشد بیگ اور ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ احمد کمال مان نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ بلدیات کی استعدادِ کار بڑھانے، انتظامی اصلاحات اور عوامی خدمات کو بہتر بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ برتھ رجسٹریشن کے لیے پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر آگاہی و اندراج مہم چلائی جائے گی۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ اس مہم کے دوران خصوصی ٹیمیں دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں کا رخ کریں گی تاکہ کوئی بھی بچہ رجسٹریشن سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ای رجسٹریشن کے حوالے سے بھی باقاعدہ آگاہی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ شہری جدید سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ ذیشان رفیق نے محکمہ بلدیات میں خالی اسامیوں پر فوری تقرریوں اور محکمانہ ترقیوں کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں یونین کونسلز کو مرحلہ وار سروس سینٹرز میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو ایک ہی جگہ پر تمام بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ ہر یونین کونسل میں فیس شیڈول نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ یوسی سیکرٹریز کی جی پی ایس کے ذریعے حاضری کا نظام شروع ہو چکا ہے، جبکہ یونین کونسلز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا بھی باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں مزید ہدایات دیتے ہوئے ذیشان رفیق نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں سٹاف کی نقل و حرکت کا رجسٹر لازمی رکھا جائے اور یونین کونسل میں آنے والے شہریوں کے فون نمبرز بھی ریکارڈ کا حصہ ہوں تاکہ عوامی شکایات اور فیڈ بیک کے نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔ وزیر بلدیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیاتی اداروں میں شفافیت، نظم و ضبط اور عوام دوست سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جائے گا اور اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔











