وزیر داخلہ محسن نقوی کا  ٹریفک سنٹر فیض آباد کا اچانک دورہ

19

اسلام آباد،24 دسمبر (اے پی پی ): وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ٹریفک سنٹر فیض آباد کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کے لیے دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے لائسنسنگ کے تمام مراحل کی مکمل چھان بین کروائی اور ٹوکن روم، سائن ٹیسٹ اور فزیکل ٹیسٹ سنٹرز کا تفصیلی معائنہ کیا ۔

وزیر داخلہ نے شہریوں سے براہِ راست استفسار کر کے عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور لائسنس حصول کے نظام کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک سنٹر میں ہر کارروائی شفاف اور بروقت ہونی چاہیئے اور لائسنس کے لیے آنے والے شہریوں کے لیے اضافی مشینیں اور سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

چیف ٹریفک آفیسر ایس ایس پی حمزہ حمایوں نے لائسنسنگ کے تمام مراحل پر وزیر داخلہ کو مکمل بریفنگ دی۔

اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔