اسلام آباد،05 دسمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں جعلی دستاویزات پر بیرون ممالک جانے والے مسافروں کے خلاف شکنجہ سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں امیگریشن سسٹم میں اصلاحات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ وفاقی وزراء نے 7 روز میں حتمی سفارشات طلب کر لیں ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ جعلی ویزوں کے دھندے میں ملوث عناصر اور ایجنٹ مافیا کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن روکنے کیلئے جنوری سے اسلام آباد میں اے آئی بیسڈ ایپ کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اے آئی ایپ کے ذریعے پہلے سے ہی علم ہو جائے گا کہ کون سفر کے قابل ہے اور کون نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیپورٹ شدہ افراد کا پاسپورٹ منسوخ ہونے کے بعد انہیں دوبارہ ویزہ نہ ملنے کو یوں بنائیں گے۔
اجلاس میں یکساں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس نیشنل پولیس بیورو سے جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔











