اسلام آباد، 11 دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے ترکیہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں صنعتی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ایوی ایشن، ڈیفنس مینوفیکچرنگ اور ہائی ٹیک صنعتوں میں شراکت داری کے امکانات پر خصوصی گفتگو ہوئی۔
وفد نے پاکستان میں جوائنٹ وینچرز، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کے قیام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ترک کمپنیوں نے پاکستان کو خطے میں اسٹریٹجک پروڈکشن حب بنانے کی خواہش ظاہر کی۔
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے دوطرفہ صنعتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایرو اسپیس، ڈیفنس پروڈکشن، منرلز اور ڈوئل یوز مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے ترکیہ کی کمپنیوں کو پاکستان کو خطے کی مارکیٹوں کیلئے اسٹریٹجک پروڈکشن پارٹنر کے طور پر اپنانے کا مشورہ بھی دیا۔
ترکیہ کے وفد نے پاکستان کے صنعتی وژن کی تعریف کرتے ہوئے طویل المدتی تعاون کی خواہش ظاہر کی۔ دونوں ممالک نے B2B روابط، سرمایہ کاری پر مبنی صنعتی شراکت داری،اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
مستقبل میں بینکاری اور تجارت کے فیسلیٹیشن میکانزم کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔











