اسلام آباد، 08 دسمبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے کشمیر امور، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام سے نادرا خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل اور چیف آپریٹنگ آفیسر کے پی نے وزارت میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران مختلف جاری اور نئے منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے نادرا میگا سینٹر سوات پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے پورن نادرا سینٹر کو بھی میگا سینٹر میں تبدیل کرنے کا حکم دیا۔
وفاقی وزیر نے شاہ پور، دندئی، کروڑا، اُلندر اور تور ڈھیر صوابی میں نادرا مراکز کے لیے موزوں عمارتوں پر کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے خالی آسامیوں کو فوری طور پر پر کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔
انجینئر امیر مقام نے اپر دیر میں اخگرام ، صاحب آباد اور سوات میں کوکارئی ، تلیگرام اور شانگلہ میں لیلونئ ، پشلوڑ اور کابلگرام میں نئے نادرا مرکز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ عوام کو شناختی خدمات تک آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔











