وفاقی وزیر بحری امور کا کرسمس کیک کاٹ کر مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی

20

‎اسلام آباد،  25 دسمبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے وزارتِ بحری امور میں

‎ مسیحی ملازمین کے  لئے منعقدہ  تقریب میں کرسمس کا کیک کاٹ کر مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیا۔

‎اس موقع پر وزیر نے دنیا بھر میں محبت، برداشت اور خیرخواہی کو فروغ دینے والے اس عظیم تہوار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

‎وفاقی وزیر نے کہا کہ کرسمس دنیا بھر میں محبت، برداشت اور خیرخواہی کو فروغ دینے کا موقع ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو آئینی طور پر مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ تحریکِ پاکستان میں اقلیتوں کی قربانیاں اور کردار تاریخ کا روشن باب ہیں۔ تعلیم، صحت اور سماجی ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات مثالی ہیں۔

‎جنید انوار چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور ہر سطح پر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہے۔