اسلام آباد، 20 دسمبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت نے وزارتِ تجارت کے پہلے پوڈکاسٹ اسٹوڈیو کا افتتاح کر دیا، وزارتِ تجارت کا پہلا پوڈکاسٹ “ہارٹیکلچر ہورائزنز” باغبانی کے شعبے کے فروغ کے لئے شروع کیا گیا ہے، جو پی ایچ ڈی ای سی کی جانب سے پیش کیا جائے گا۔
اس پوڈکاسٹ کا مقصد کسانوں، برآمد کنندگان، اور پالیسی سازوں کے لیے ایک نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرانا ہے، جس کے ذریعے باغبانی برآمدات کو 2 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ آم، کینو، اور آلو کی پیداوار بڑھانے پر خصوصی پوڈکاسٹ سیریز نشر کی جائیں گی۔عالمی ماہرین بھی اس پوڈکاسٹ میں شریک ہوں گے اور جدید زرعی تجربات شیئر کریں گے۔ اس کے علاوہ، پوسٹ ہارویسٹ نقصانات اور موسمیاتی چیلنجز پر بھی جامع گفتگو کی جائے گی۔جام کمال خان نے کہا کہ یہ پوڈکاسٹ وزارتِ تجارت کی ای کامرس اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے نئی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے باغبانی شعبے کو عالمی برآمدی طاقت بنانے کا عزم ہے۔











