لاہور، 20 دسمبر (اے پی پی): پنجاب پولیس اور نجی فلاحی ادارے المرا فاؤنڈیشن کے مابین لاوارث، یتیم اور خصوصی بچوں کی دیکھ بھال، تعلیم و تربیت کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے۔ ایم او یو پر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور چیئرپرسن المرا فاؤنڈیشن صوفیہ وڑائچ نے دستخط کیے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ایم او یو کے تحت پنجاب پولیس کو ملنے والے تمام لاوارث اور یتیم بچوں کی تعلیم، تربیت اور مکمل دیکھ بھال کی ذمہ داری المرا فاؤنڈیشن ادا کرے گی۔ اس کے علاوہ پولیس افسران اور اہلکاروں کے آٹزم کا شکار بچوں کے علاج معالجے اور فلاح و بہبود کے لیے بھی المرا فاؤنڈیشن خدمات فراہم کرے گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے المرا فاؤنڈیشن کی جانب سے سینکڑوں یتیم اور بے سہارا بچوں کی بہترین پرورش، تعلیم و تربیت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس فلاحی اداروں کے تعاون سے اپنے ملازمین اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پولیس کالج سہالہ میں پولیس ملازمین کے متاثرہ بچوں کی دیکھ بھال کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ ڈے کیئر سنٹر قائم کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ آٹزم کا شکار بچوں کے والدین کو بہتر دیکھ بھال اور تربیت کے حوالے سے آگاہی اور خصوصی تربیت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ بچوں کی نشوونما اور بحالی میں بہتری لائی جا سکے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب محبوب اسلم للہ نے بتایا کہ المرا فاؤنڈیشن نے آٹزم کا شکار بچوں کے علاج، والدین کی کونسلنگ اور رہنمائی کے لیے میڈیکل اسپیشلسٹس اور ماہرینِ نفسیات کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ محبوب اسلم للہ، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ذیشان اصغر اور اے آئی جی فنانس ندا عمر چٹھہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں اداروں نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور فلاحی اقدامات کو مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔











