اسلام آباد،01 دسمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹ سیکٹر میں اصلاحات اور راولپنڈی-اسلام آباد میٹرو بس سروس کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں راولپنڈی-اسلام آباد میٹرو بس سروس کو مزید بہتر بنانے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ میٹرو بس سروس کا روٹ مزید بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ عوام کی سہولت اور سموگ میں کمی کے لئے الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لئے تاریخ میں پہلی بار الیکٹرک بسوں کا اجراء کیا گیا ہے اور ای بسوں کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جا رہا ہے۔
زیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے پنجاب کے شعبہ ٹرانسپورٹ میں بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں میٹرو بس سروس کی بہتری کے لئے مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔











