برسلز، 11دسمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے یورپی یونین کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر سے اہم ملاقات کی۔ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، انسانی سمگلنگ کے خلاف اقدامات اور باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یورپین کمشنر میگنس برنر نے گزشتہ ایک سال میں پاکستان سے یورپ کے لیے غیر قانونی راستوں (ڈنکی) کے ذریعے جانے کی کوششوں میں 47 فیصد کمی پر پاکستان حکومت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور پاکستان کے اقدامات کو مثالی قرار دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان انسانی سمگلنگ اور انسدادِ منشیات کے خلاف عالمی سطح پر بھرپور قیادت کا کردار ادا کر رہا ہے۔
دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور یورپی یونین مستقبل میں بھی غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کے خلاف مل کر کام کرتے رہیں گے۔











