اسلام آباد: 16 دسمبر ) اے پی پی): وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت نئی زیارات کمپنیوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ ایران /عراق کے زائرین کو بہتر سہولیات، شفاف طریقہ کار کے ذریعے محفوظ سفر کا خواب پورا ہونے جا رہا ہے،67 نئے زیارات گروپ آرگنائزرز ZGOs کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے پہلے مرحلے میں 24 اور اب 67 مزید ZGOs کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے، جنوری 2026 سے نئے نظام کے تحت ایران/عراق کی زیارات عمل میں لائی جائیں گی۔رجسٹرڈ زیارت گروپ آپریٹرز ZGOs پہلے سے تجربہ کار ہیں، زائرین کی بہترین سہولیات کو یقینی بنائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ باقی رہ جانے والی کمپنیاں اپنے کوائف جلد از جلد مکمل کر کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کریں، ایک فیری کمپنی ‘‘سی کیپرز’’نے زائرین کو لے جانے کے لیے وزارتِ بحری امور سے لائسنس حاصل کیا ہے، ایران/عراق زائرین کے لیے جلد بحری سفر کی راہیں ہموار ہوں گی۔











