اقوامِ متحدہ، 19 دسمبر ( اے پی پی): پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ شام کی خودمختاری کا بھرپور احترام یقینی بنایا جائے اور امن کے استحکام اور بحالی کے لیے اجتماعی اقدامات کو شامی قیادت میں سیاسی منتقلی سے وابستہ رکھا جائے۔
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے کہا ہے کہ شام میں استحکام، بحالی اور مفاہمت کی راہ ہموار کرنے کے لیے عالمی برادری کی تعمیری شمولیت ناگزیر ہے۔
پاکستان نے سلامتی کونسل کے شام کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے یکجہتی کے اظہار اور شامی عوام کے ساتھ مسلسل اور باخبر روابط کی اہمیت کو اجاگر کرنے والا اقدام قرار دیا۔
سفیر عثمان جدون نے شامی حکام کی جانب سے اختیار کیے گئے عبوری اقدامات جن میں آئینی اور کابینہ اصلاحات، انتخابات اور مکالماتی اقدامات شامل ہیں کا حوالہ دیتے ہوئے ایک مؤثر اور جامع ریاستی ڈھانچے کے قیام کے لیے پارلیمان اور آئینی عدالت کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔
شام کے طویل المدتی استحکام کے لیے قومی اتحاد کی مرکزی حیثیت کو اجاگر کرتے ہوئے، پاکستان کے نائب مستقل مندوب نے ادارہ جاتی تقسیم کے خطرات سے خبردار کیا اور تمام اداروں کے ایک مربوط قومی فریم ورک کے تحت کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔پاکستان نے 10 مارچ کے معاہدے اور عمان روڈمیپ کے بروقت نفاذ کی حوصلہ افزائی کی، اور جامع و مؤثر طرزِ حکمرانی کے قیام کے لیے دوبارہ انضمام (ری اِنٹیگریشن) کے اقدامات کی حمایت کا اظہار کیا۔











