صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے موریشس کے ہائی کمشنر مسٹر منسو کیورم بیکس کی ملاقات

9

لاہور، 19 دسمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستان میں موریشس کے ہائی کمشنر مسٹر منسو کیورم بیکس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تجارت، معاشی تعاون اور مختلف شعبہ جات میں اشتراکِ عمل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران انڈسٹری، زراعت، سیاحت، ٹیکنیکل ایجوکیشن، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ دونوں فریقین نے عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے، ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور تجارتی وفود کے تبادلوں کو مزید فعال بنانے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر پنجاب اور موریشس کے مابین تجارتی، صنعتی اور معاشی تعاون بڑھانے کے لیے جلد معاہدوں کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے موریشس کے ہائی کمشنر کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دی جانے والی خصوصی مراعات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے اور یہ سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے۔ انہوں نے موریشس کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پنجاب میں دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کے لیے قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی قائم کیا گیا ہے جہاں غیر ملکی ٹیکسٹائل انڈسٹری اور جدید ٹیکنالوجی منتقل ہو رہی ہے، جبکہ مقامی سرمایہ کار بھی یہاں ٹیکسٹائل یونٹس لگا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ صنعت کو ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کے لیے جاب پورٹل بھی قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ اور صنعت کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور مقامی انڈسٹری کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی طریقے سے ہنر مند افرادی قوت بیرونِ ممالک بھجوانے کے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ موریشس کے ہائی کمشنر مسٹر منسو کیورم بیکس نے کہا کہ موریشس اور پاکستان کے مابین بہترین سفارتی تعلقات موجود ہیں تاہم دوطرفہ معاشی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پنجاب میں ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے بلاسود قرضوں کے پروگرام کو شاندار قرار دیا اور کہا کہ پنجاب کی ہینڈی کرافٹس بھی انتہائی معیاری ہیں، جن کے شعبے میں موریشس پنجاب کے تجربات سے استفادہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں موریشس کے اعزازی قونصل جنرل قاضی شاہد سیٹھی، ایم ڈی پیسک سائرہ عمر، ڈی جی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں موریشس کے ہائی کمشنر نے پیسک ہاؤس میں قائم ہینڈی کرافٹس شاپ کا دورہ کیا اور دستکاریوں کا مشاہدہ کیا، جہاں انہوں نے پنجاب کی ہینڈی کرافٹس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔