اقوامِ متحدہ، 10 دسمبر ( اے پی پی): اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یوکرین کی انسانی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یوکرین میں تنازعہ گزشتہ تقریباً چار برسوں سے مسلسل جاری ہے، اور اس نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں اور روزگار تہہ و بالا کر دیے ہیں۔ انہوں نےشہری آبادی و شہری تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنائے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس تنازعے کے علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی پر گہرے اثرات اور اس کے نتیجے میں ہونے والی شدید انسانی تکالیف پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانوں اور شہری ڈھانچے کا تحفظ ایک قانونی ذمہ داری ہے اور اسے ہر حال میں مقدم رکھا جانا چاہیے۔ ہم ایک بار پھر تمام فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں، خصوصاً انسانی امدادی کارکنوں کے تحفظ سے متعلق قوانین، کی پابندی کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس تنازعے کے پُرامن حل کا ہمیشہ سے پُرجوش حامی رہا ہے، ہم نے ہر موقع پر جلد از جلد لڑائی کے خاتمے، کشیدگی میں کمی، اور ایک پائیدار و بامعنی مکالمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔











