پاکستان کی وحدت اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ؛  محمد حنیف عباسی

18

اسلام آباد، 18 دسمبر  (اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے اور ایٹمی اثاثے نمائش کے لیے نہیں بلکہ ملک کے دفاع کے لیے ہیں۔   پاکستان کی وحدت اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا اور کسی بھی سیاسی یا ذاتی وابستگی کو پاکستان پر ترجیح نہیں دی جا سکتی۔

 کسٹ یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے  نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے اور پاکستان کی معیشت کی بنیاد زراعت اور صنعت پر ہے، جس میں نوجوانوں کو عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں بڑے چیلنجز کا سامنا کیا ہے، دفاعی میدان میں کامیابیاں حاصل کیں مگر معیشت کے شعبے میں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ہمیں مزید محنت کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے  کہا کہ بلوچ، پختون، سندھی، پنجابی اور کشمیری سب پاکستان کی پہچان ہیں اور ملک کو لسانی یا صوبائی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان میں امن اور ترقی انہی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

وفاقی وزیر نے طلبا کو نصیحت کی کہ عملی زندگی میں عزم ، محنت اور دوسروں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنی ذاتی زندگیوں کو غیر ضروری نمائش سے محفوظ رکھیں تاکہ معاشرتی برائیوں سے بچا جا سکے۔