“معذوری سے پاک پنجاب” کی جانب تاریخی قدم، جدید بایونک مصنوعی اعضا کی فراہمی کا آغاز

12

لاہور، 18 دسمبر(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن “معذوری سے پاک پنجاب” کی عملی تعبیر کی جانب ایک اور اہم اور تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر حکومتِ پنجاب نے افرادِ باہم معذوری کے لیے جدید مایو الیکٹرک بایونک مصنوعی اعضا کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب کے زیرِ اہتمام شروع کیا گیا ہے، جو پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا سرکاری اقدام ہے۔ بایونک مصنوعی اعضا کی تقریبِ تقسیم میں صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر طارق قریشی اور محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران میڈیا کی موجودگی میں جدید بایونک مصنوعی اعضا کی عملی تنصیب کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ یہ جدید اعضا پٹھوں سے پیدا ہونے والے برقی سگنلز کے ذریعے حرکت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور آرٹیفشل انٹیلیجنس پر مبنی ہیں۔ ان مصنوعی اعضا سے منسلک موبائل ایپ کے ذریعے افرادِ  باہم معذوری کی کارکردگی اور پیش رفت کو مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔ محکمہ سوشل ویلفیئر کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں 173 افرادِ باہم معذوری کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں سے 32 افراد کو فوری طور پر بایونک مصنوعی اعضا فراہم کیے جا رہے ہیں۔ قصور، فیصل آباد، گجرات، گوجرانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے افرادِ باہم معذوری نے تقریب میں شرکت کی، جہاں انہیں مصنوعی بازو، ٹانگیں اور دیگر معاون آلات فراہم کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ آج کا دن وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کی تکمیل کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے وژن نے محکمہ سوشل ویلفیئر کو نئی روح بخشی ہے اور معاون آلات، ہمت کارڈ اور مصنوعی اعضا کی فراہمی جیسے اہداف مقررہ وقت سے پہلے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ افرادِ باہم معذوری کو باوقار، خود مختار اور فعال زندگی کی جانب لے جانے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ تقریب میں شریک افرادِ باہم معذوری نے جدید بایونک مصنوعی اعضا کی فراہمی پر حکومتِ پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔