پشاور، 23 دسمبر ( اے پی پی):پاک فوج نے پشاور میں طلبہ و طالبات کے لیے ایک دن خصوصی طور پر مختص کیا، جس کا مقصد طلبہ کو پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔اس دن کے دوران طلبہ و طالبات نے “یادگار شہداء” پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ کور کمانڈر پشاور نے طلبہ کی دلچسپی کو سراہا اور ان کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔
طلبہ نے پاک فوج کے جدید ہیلی کاپٹرز، جہازوں، مواصلاتی آلات اور ہتھیاروں کا معائنہ کیا اور کاؤنٹر ٹیررزم شو میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے سی ایم ایچ پشاور میں پاک فوج کی مختلف عسکری کارروائیوں میں زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت بھی کی۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ ہمیں پاک فوج کے ساتھ ایک دن گزارنے کا موقع ملا جہاں ہم نے ایئر بیسز، بٹالین اور سی ایم ایچ کا دورہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پاک فوج کی جنگی صلاحیت اور ان کی کارکردگی کے بارے میں جاننے کا موقع ملا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس دورے کا مقصد یہ تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آج ہمیں دشمن کے خلاف استعمال ہونے والے اسلحے اور جدید جنگی ساز و سامان دیکھنے کا موقع دیا گیا جبکہ پاک فوج ایک منظم اور بہترین ادارہ ہے جوہردم عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہے ۔











