پچاسویں چیف آف آرمی سٹاف پولو اینڈ ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ 2025  کی اختتامی تقریب کا انعقاد

18

راولپنڈی، 30 دسمبر(اے پی پی):50ویں چیف آف آرمی سٹاف پولو اینڈ ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ 2025 جناح پولو فیلڈز  لاہور میں اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اور چیف سیکرٹری پنجاب سمیت تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب میں پہنچنے پر کور کمانڈر لاہور اور چیئرمین پاکستان پولو فیڈریشن نے ان کا استقبال کیا۔

چیمپئن شپ پاکستان آرمی کی اسپورٹس مین شپ،نظم و ضبط اور عمدہ کارکردگی کی بھرپور روایات کی عکاسی کرتی ہے۔ چیمپئن شپ میں آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا جس میں پشاور کور نے کامیابی حاصل کی جبکہ گوجرانوالہ کور نے رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔

اختتامی تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے جیتنے والے اور حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔