اسلام آباد، 23دسمبر(اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے) کے 75 فیصد حصص کی فروخت کے لیے بولی کے عمل کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔
نجکاری کمیشن کے زیراہتمام پی آئی اے کی نجکاری کے لیے تین کنسورشیم نے بولیاں جمع کروا دی ہیں۔ پہلے کنسورشیم میں لکی سیمنٹ لمیٹڈ، حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ، کوہاٹ سیمنٹ لمیٹڈ اور میٹرو وینچرز شامل ہیں۔ دوسرے کنسورشیم میں عارف حبیب کارپوریشن، فاطمہ فرٹیلائزر، سٹی اسکولز پرائیویٹ لمیٹڈ اور لیک سٹی ہولڈنگز شامل ہیں جبکہ تیسرے کنسورشیم میں ایئر بلیو پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہے۔بولی دینے والے کنسورشیمزکے نمائندے ایک ایک کر کے آگے آئے اور براہِ راست نشر ہونے والی عوامی تقریب میں شفاف ڈبے میں اپنی سیل بند بولیاں جمع کرائیں، تینوں کنسورشیم کی طرف سے دی گئی بولیاں آج سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر کھولی جائیں گی ، اس موقع پر بولیاں اور ریفرنس قیمتیں اعلان کی جائیں گی اور طے شدہ شرائط کے مطابق بولی کے عمل کو مکمل کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ ان شاء اللہ ہمیں اچھی بولی ملے گی، اچھی سرمایہ کاری آئے گی اوراس عمل میں ہم کامیاب ہوں گے۔











