اسلام آباد، 23دسمبر(اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت منگل کو کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا جس میں نجکاری کمیشن اور وزارت نجکاری نے کمیٹی کو پاکستان میں نجکاری کے عمل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
نائب وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نجکاری کمیشن اور وزارت نجکاری نے کمیٹی کو پاکستان میں نجکاری کے عمل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ کمیٹی نے نجکاری کمیشن کی جانب سے اختیار کیے گئے تمام مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا، سفارشات کا بغور مطالعہ کیا اور اس امر پر زور دیا کہ حکومت کی جانب سے وضع کردہ پالیسیوں، قوانین اور طریقہ کار کی سختی سے پابندی کی جائے اور نجکاری کے عمل میں بہترین بین الاقوامی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔ نائب وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری سے متعلق تمام لین دین قانون کے مطابق انجام دیا جائے اور اس عمل میں شامل تمام شرکا کو مساوی مواقع فراہم اور اس کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
اجلاس میں وزرا خزانہ، توانائی اور تجارت کے علاوہ وزیر اعظم کے مشیران برائے نجکاری، صنعت و پیداوار اور وزیر اعظم کے خصوصی معاونین برائے خزانہ اور طارق باجوہ نے شرکت کی۔ وفاقی سیکرٹریز برائے کابینہ، نجکاری، منصوبہ بندی، تجارت، دفاع، قانون اور توانائی سمیت نجکاری کمیشن کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔











