چیئرمین سی ڈی اے کا ممبر انجینئرنگ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ

14

اسلام آباد ، 25 دسمبر۔ ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ علی الصبح شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شاہین چوک انڈر پاس منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ اور مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے کو متعلقہ افسران نے منصوبے پر ہونے والی ابتک کی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ

شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا ترقیاتی کام کامیابی کیساتھ مقررہ مدت سے قبل اپنے تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے، مجموعی طور پر شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا 93 فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے انڈر پاس کا اسٹرکچرل ورک مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اس منصوبہ کے روڈ ورک  اور فنشنگ کا کام تیزی جاری ہے، منصوبے کو خوبصورت بنانے کیلئے اسکے اطراف دیدہ زیب لینڈ اسکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام بھی تیزی کیساتھ مکمل کیا جا رہا ہے،  منصوبے کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے مستقل بنیادوں پر خوبصورت لائٹس نصب کی جارہی ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے کے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت اور اعلیٰ معیار پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ منصوبے کو نہ صرف قبل از وقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے بلکہ ترقیاتی کاموں کے اعلیٰ معیار پر بھی کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا گیا،  شاہین چوک انڈر پاس منصوبے سے ملحقہ تعلیمی اداروں کے طلباء اور روزمرہ کے مسافروں کو سگنل اور آرام دہ سفری سہولیات میسر ہونگی، اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی جدت و ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات میسر ہونگی، منصوبے کی تکمیل سے ایندھن کیساتھ  وقت کی بھی بچت ہوگی۔