ملتان 26 دسمبر)اے پی پی ):ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کے زیرِ اہتمام گلِ داؤدی نمائش کے موقع پر شاندار میوزیکل نائٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں میجک شو بھی پیش کیا گیا جس میں بچوں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
میوزیکل نائٹ میں معروف فنکار ارشد راہی اور گلاب سمیت دیگر فنکاروں نے یادگار پرفارمنس پیش کی جس پر حاضرین نے خوب داد دی۔ رنگا رنگ پروگراموں، جھولوں اور تفریحی سرگرمیوں سے عوام خوب محظوظ ہوئے۔
تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کریم بخش، ایڈیشنل کمشنر ریونیو اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے علاوہ سیاسی شخصیات اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کریم بخش نے کہا کہ ادارے نے ماہِ دسمبر میں شہریوں کو بھرپور تفریح فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میجک شو، میوزیکل نائٹ اور جھولوں جیسی سرگرمیوں کے ذریعے عوام کو معیاری تفریح مہیا کی گئی۔
کریم بخش نے مزید کہا کہ ایسی نمائشوں اور تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو صحت مند تفریح کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔











