کراچی میں انٹرنیشنل قراءت مقابلہ 2025 کے فاتحین کے اعزاز میں استقبالیہ

13

کراچی: 4 دسمبر (اے پی پی):کراچی میں انٹرنیشنل قراءت مقابلہ 2025 کے فاتح قراء کے اعزاز میں ایک شاندار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس کی میزبانی محکمہ اوقاف، مذہبی امور، زکوٰۃ و عشر سندھ نے کی۔

صوبائی وزیر ریاض حسین شاہ شیرازی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزارتِ مذہبی امور اسلام آباد کے جوائنٹ سیکریٹری احمد ندیم خان، سیکریٹری اوقاف سندھ محمد مُرید راہیموں اور ڈی جی ریسرچ اینڈ ریفرنس مذہبی امور اسلام آباد حافظ عبد القدوس بھی موجود تھے۔

تقریب میں انٹرنیشنل قراءت مقابلہ 2025 کے فاتحین کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، جبکہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ممتاز قراء نے تلاوتِ قرآنِ پاک پیش کی جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

اپنے خطاب میں صوبائی وزیر ریاض حسین شاہ شیرازی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے فاتح قراء کی شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں اعزازی شیلڈز سے نوازا۔

اس موقع پر جوائنٹ سیکریٹری احمد ندیم خان نے سندھ حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پہلی مرتبہ عالمی سطح پر اس نوعیت کا مقابلہ کامیابی سے منعقد کیا ہے، اور وزارتِ مذہبی امور آئندہ بھی اس مقابلے کے تسلسل کے لیے پُرعزم ہے۔