ملتان،15دسمبر (اے پی پی ):کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق صفائی کے نظام کو مثالی بنانے پر زور دیا گیا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب محض صفائی مہم نہیں بلکہ ایک مکمل بزنس ماڈل ہے، جس میں ناقص کارکردگی دکھانے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز کو بار بار مہلت دینے کا سلسلہ ختم کیا جا رہا ہے، اب ہر صورت نتائج دینا ہوں گے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ضلع ملتان میں آئندہ چار برسوں کے دوران صفائی کی مد میں کنٹریکٹر کمپنیوں کو 9 ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی جائیں گی۔ حکومت پنجاب صفائی کے نظام پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے، اس لیے کنٹریکٹر کمپنیوں کو سنجیدگی اور ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا۔
کمشنر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور اس معیار کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اجلاس میں کرسمس سے قبل ملتان ڈویژن میں عیسائی ملازمین کو ہر صورت تنخواہوں کی ادائیگی اور عیسائی برادری کی کالونیوں میں خصوصی صفائی مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
کمشنر نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کنٹریکٹرز کو خبردار کیا کہ ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے عوامی سطح پر یونین کونسل، محلہ اور دیہات کی سطح پر کمیٹیاں بنانے، تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کو فروغ دینے اور اوپن پلاٹس میں برسوں سے جمع گندگی کو ترجیحی بنیادوں پر صاف کرنے کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے گھروں کے باہر گند اور عمارتی ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف سخت ایکشن، مسلسل صفائی کے لیے خصوصی اسکواڈ کے قیام اور ستھرا پنجاب کی یونیورسل ہیلپ لائن کو مکمل طور پر فعال بنانے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے درپیش مسائل اور عوامی رائے سے آگاہ کیا، جبکہ سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد بھٹی نے صفائی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔











