کوئٹہ،31دسمبر(اے پی پی): صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سال 2025ء کے آخری روز بھی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا،محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت، قلعہ عبداللہ،پشین،چمن،مسلم باغ، کان مہترزئی اور توبہ کاکڑی میں دوسرے روز بھی ہلکی ہلکی برف باری ہوئی جبکہ کوئٹہ،پشین،تربت،خضدار، چمن،پنجگور، اوتھل، پسنی، لورالائی،اورماڑہ، اوستہ محمد،زیارت، قلات، بارکھان،دالبندین،مسلم باغ میں بارش کا سلسلہ جاری رہا،محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ،پشین،چمن،قلعہ عبداللہ،ژوب، زیارت،قلعہ سیف اللہ،مستونگ اور موسیٰ خیل میں بارش کاامکان ہے جبکہ توبہ کاکڑی،توبہ اچکزئی،کان مہترزئی،زیارت، قلعہ عبداللہ،چمن،پشین،نوشکی،مسلم باغ میں بارش وبرفباری کاامکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ گرم موسم اوتھل میں 29سینٹی گریڈ جبکہ سب سے ٹھنڈا درجہ حرارت -0.6زیارت میں ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ محکمہ پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران بارشوں سے نصیرآباد اور چمن مین مکانات کو نقصان پہنچا ہے جس میں نصیرآباد میں ایک مکان مکمل متاثر جبکہ چمن میں 3مکانات کو جزوی نقصان پہنچاہے۔











