ملتان۔ 09 دسمبر (اے پی پی):ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان نے رواں ماہ گلِ داؤدی کی رنگا رنگ نمائش کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے شہر بھر کے پارکس اور نرسریوں میں تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی کریم بخش نے شاہ شمس پارک، گیلانی پارک، عام خاص باغ اور زیب النساء پارک کے دورے کے دوران انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ میں رواں ماہ گلِ داؤدی کی شاندار نمائش کا اہتمام کیا جائے گا، جس کے لیے خصوصی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر کو ‘فلاور منتھ’ کے طور پر منایا جائے گا، جس دوران شہر بھر میں پھولوں، پودوں اور درختوں کی شجرکاری کی جارہی ہے۔ کریم بخش نے کہا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن پر عمل پیرا ہے، جبکہ کمشنر ملتان شہر کی خوبصورتی کے لیے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں ماہ ملتان کے شہریوں کو بھرپور تفریح اور قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔دسمبر میں ملتان کے پارکوں اور گرین بیلٹس پر میری گولڈ اور گلِ داؤدی کی حسین بہار شہریوں کو خوشگوار ماحول فراہم کرے گی۔











