اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پارلیمنٹ لاجز کا دورہ

11

اسلام آباد،06جنوری(اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ لاجز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ تعمیر 104 اضافی فیملی سوئٹس منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری بھی اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ موجود تھے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ 104 اضافی فیملی سوئٹس کا منصوبہ 2011 میں شروع ہوا تھا، لیکن اسپیکر قومی اسمبلی کی خصوصی کوششوں سے اس منصوبے کو طویل تعطل کے بعد دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کو درپیش رہائش کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اس منصوبے کی جلد تکمیل ضروری ہے۔ انہوں نے سی ڈی اے کو تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور منصوبے کی جلد تکمیل پر زور دیا۔

وفاقی وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی۔