بیجنگ، 19 جنوری(اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پانچ رکنی پارلیمانی وفد تین روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گیا ہے۔ یہ دورہ چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی آف نیشنل پیپلز کانگریس چین ژاؤ لی جی کی خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
بیجنگ ایئرپورٹ پر اسپیکر قومی اسمبلی اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر چین میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور اعزاز خان بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران اسپیکر سردار ایاز صادق چین کی پارلیمانی اور سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ وہ چیئرمین این پی سی ژاؤ لی جی اور سی پی پی سی سی کے چیئرمین وانگ ہوننگ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں پارلیمانی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وفد چینی کمیونسٹ پارٹی کے پارٹی اسکول اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے میوزیم کا بھی دورہ کرے گا۔ امید ہے یہ دورہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔











