وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ڈاکٹر رامی احمد کی قیادت میں  اسلامی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

10

اسلام آباد، 19 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ڈاکٹر رامی احمد کی قیادت میں  اسلامی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات ہوئی۔

دوران ملاقات اسلامی ترقیاتی بینک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ صاف اور قابلِ تجدید توانائی پاکستان کے توانائی مستقبل کی ضمانت ہے،توانائی شعبے میں پائیدار اور مؤثر اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توانائی اداروں کی تنظیمِ نو سے کارکردگی اور گورننس بہتر بنائی جا رہی ہے،  کیپٹو پاور پلانٹس کی قومی گرڈ میں منتقلی سے مجموعی نظام مزید مؤثر ہوگا، الیکٹرک وہیکلز کے لیے خصوصی ٹیرف ریلیف ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ترسیلی نظام کی رکاوٹیں دور کرنے اور خودکار میٹرنگ کے نفاذ پر پیش رفت جاری ہے۔ہول سیل بجلی مارکیٹ کی آزادی سے مسابقت اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پانچ سالہ قومی بجلی منصوبہ توانائی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہے۔

 اسلامی ترقیاتی بینک کے وفد نے پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات کو سراہا۔