اسلام آباد،28 جنوری(اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفاقی وزیرِ مملکت برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، چوہدری ارمغان سبحانی کی رہائشگاہ پر جا کر ان کی والدہ محترمہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور چوہدری ارمغان سبحانی اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ والدین کا بچھڑ جانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی شفقت کا کوئی نعم البدل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ کی وفات اہل خانہ کے لیے بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں وہ چوہدری ارمغان سبحانی اور ان کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے اللّٰہ تعالیٰ سے مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمانے اور چوہدری ارمغان سبحانی سمیت تمام سوگوار کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کیلئے صبرِ جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔











