اسلام آباد، 28جنوری(اے پی پی)::وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا اور سیاسی عدم استحکام سے صرف دس روز قبل پاکستان عملی طور پر انٹرنل ڈیفالٹ کر چکا تھا۔
اسلام آباد میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اگر چند ہفتے مزید گزر جاتے تو پاکستان ایکسٹرنل ڈیفالٹ کا بھی شکار ہو جاتا تاہم موجودہ حکومت نے بروقت اقدامات کر کے معیشت کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر استحکام کی طرف گامزن کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج دنیا کے تمام بڑے مالیاتی اور عالمی ادارے پاکستان کی معاشی بحالی کا اعتراف کر رہے ہیں مگر افسوس کہ ملک کے اندر کچھ عناصر محض اپنی سیاست چمکانے کے لیے تنقید کر رہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے اور پائیدار ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، ہماری منزل ایک ایسی معیشت ہے جو درآمدات نہیں بلکہ برآمدات پر کھڑی ہو، اسی مقصد کے لیے پاکستان کے ہر ضلع کا الگ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ پلان تیار کیا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیں معرکہ حق جیت کر دیا، اب قوم کو مل کر معرکہ ترقی جیتنا ہے، ملک کو سیاسی لانگ مارچ نہیں بلکہ اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے اور فتنہ و فساد کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کرنا ہوگا۔پریس کانفرنس سے قبل حکومت اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے درمیان اڑان پاکستان پروگرام کے تحت ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ایم او یو پر وفاقی وزیر احسن اقبال اور صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے دستخط کیے۔
اس موقع پر صدر اسلام آباد چیمبر سردار طاہر، نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین سمیت دیگر کاروباری رہنما بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت 2047ء تک پاکستان کو 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے حکومتی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے حکومت اور صنعت مل کر کام کریں گے جبکہ ایکسپورٹ لیڈ گروتھ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور معاشی اصلاحات میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام معاشی ترقی کا روڈ میپ ہے۔انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام پائیدار ترقی، برآمدات میں اضافے اور معاشی بحالی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے اور یہی پاکستان کی معاشی ترقی کا واضح روڈ میپ ہے۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے تعاون سے حکومت ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالنے میں کامیاب ہوئی، معیشت کی پائیدار ترقی صنعتوں کی بحالی سے جڑی ہے جس کے لیے مزید ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ معرکہ حق میں ہم نے اپنے سے چھ گنا بڑے دشمن کو شکست دی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ صنعتی بحالی کے لیے بجلی 8 سینٹ فی یونٹ، ٹیکسوں میں کمی اور شرح سود 7 فیصد تک لائی جانی چاہیے تاکہ معیشت تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔











