اقوامِ متحدہ، 22 جنوری ( اے پی پی): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب سفیر عثمان جدون کا ہیٹی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بریفنگ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہیٹی کو درپیش کثیرالجہتی چیلنجز بالخصوص ہیٹی کے عوام کو لاحق مسائل، بین الاقوامی برادری کی مسلسل اور مستقل حمایت کے متقاضی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام، سکیورٹی کے سنگین مسائل، انسانی بحران، طرزِ حکمرانی سے متعلق مشکلات اور سماجی و اقتصادی اشاریوں میں مسلسل گراوٹ نے ہیٹی بدستور کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہیں۔ ہیٹی کا مستقبل اس کی قیادت کے فیصلہ کن اقدامات سے وابستہ ہے، جنہیں مناسب عالمی حمایت اور علاقائی یکجہتی کی پشت پناہی حاصل ہونی چاہیے۔
انہوں نے ہیٹی کے حکام کی جانب سے جاری کردہ نئے انتخابی کیلنڈر کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ مجوزہ ٹائم لائنز نہایت چیلنجنگ ہیں، تاہم ہمیں امید ہے کہ اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کی معاونت سے ہیٹی کے حکام قومی انتخابات کے انعقاد میں کامیاب ہوں گے اور منتخب نمائندگان کو اقتدار کی پُرامن اور ہموار منتقلی کو یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہاگر بین الاقوامی اور علاقائی معاونت کے ذریعے دانشمندی سے منصوبہ بندی اور عملی طور پر نافذ کی جائے، تو ملک میں طویل مدتی استحکام، ترقی اور خوشحالی لانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ پاکستان اس مقصد کے حصول کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔











