اسلام آباد، 22 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے ایک بار پھر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکراتی عمل ہی عوامی مسائل کے حل کا واحد مؤثر راستہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں جن کی ہدایت پر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں صحت کارڈ پروگرام بحال کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق صحت کارڈ پروگرام سے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
انجینئر امیر مقام نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں بغیر کسی مطالبے کے بڑے منصوبے شروع کیے گئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں اس وقت پانچ دانش اسکولز پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم، تعلیمی اصلاحات اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر عملی پیشرفت جاری ہے اور آزاد کشمیر کے عوام کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات دی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مذاکرات کے نتیجے میں عوامی ایکشن کمیٹی کے بیشتر مطالبات پورے کر دیے گئے ہیں تاہم افسوس ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے دو اہم اجلاسوں میں شرکت نہیں کی۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوامی ایکشن کمیٹی آئندہ اجلاس میں شریک ہو کر سنجیدہ مذاکرات کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک ہونے والی پیشرفت توقعات سے کہیں زیادہ ہے اور باہمی مشاورت اور تعاون سے ہی آزاد کشمیر کے مسائل کا پائیدار حل ممکن ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے۔











