حویلیاں،31جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے میں وسیع پیمانے پر اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر خدمات، بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن اور ڈیجیٹلائزیشن سے عوام کے اعتماد اور آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو حویلیاں ریلوے سٹیشن پر ہزارہ ایکسپریس ٹرین کے ری فربشڈ ٹریک کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔
وفاقی وزیر نے پشاور سے کراچی جانے والے مسافروں کی سہولت کے لیے خیبرپختونخوا کے لیے چھ ٹرین ریک مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کئی اہم اہداف حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہزارہ ایکسپریس کو نئی اور تجدید شدہ کوچز کے ساتھ اپ گریڈ کیا گیا ہے جس سے سفری سہولت میں بہتری آئی ہے۔ریلوے اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 60 ریلوے سٹیشنوں کو ڈیجیٹائز کیا گیا ہے جس سے کارکردگی اور شفافیت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 600 ارب روپے کا کراچی تا روہڑی ریلوے ٹریک کا منصوبہ زیر تکمیل ہے جبکہ مجوزہ روہڑی-نوکنڈی لائن معدنیات سے مالا مال چاغی کے خطے کو جوڑ دے گی اور قازقستان اور ترکمانستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ علاقائی روابط کو مضبوط کرے گی۔
مالیاتی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ دسمبر میں مسافر اور مال بردار خدمات سے آمدنی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی اور ایک مہینے میں 10 ارب روپے کی آمدنی ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلویز نے مسلسل اصلاحات، انفراسٹرکچر کی ترقی اور خدمات میں بہتری کے ذریعے ایک ٹریلین روپے کمانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
محمد حنیف عباسی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریل رابطے کو مضبوط بنانا اقتصادی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی جاری اصلاحات کا مقصد پاکستان ریلوے کو ایک جدید، موثر اور عوام دوست ادارہ بنانا ہے۔











