لاہور،31جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ عوامی خدمت ہمارانصب العین اورشفافیت کے فروغ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (پی اے ایف ڈی اے ) کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ملک کے جس کونے میں بھی جائیں عوامی خدمت کے منصوبوں پر مسلم لیگ (ن) کی ہی مہر نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا، اسی طرح ملک کے کونے کونے میں عوامی منصوبوں کے جال بچھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا منصوبہ عوام کی بہت بڑی خدمت ہےجس پر میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ خوراک، زرعی مصنوعات اور ادویات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ریگولیٹری ادارے کا قیام وقت کی ضرورت ہے ،فوڈ سکیورٹی اور حفظان صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے یہ سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ایک اہم اقدام ہے،جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اس منصوبے کے لیے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی کوششیں قابل تحسین ہیں اورمجھے امید ہے کہ پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی خطے میں سینٹر آف ایکسیلینس بنے گی،یہ صرف پنجاب نہیں بلکہ پورے پاکستان کی خدمت کے لیے بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کسی بھی ملکی ترقی کے لیے ضروری ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے جرائم کی کمی اور ناقابل تردید ثبوت کی فراہمی کے لیے فرانزک لیب کا جال بچھایا۔
اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت اور ان کے ویژن کے مطابق پنجاب ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ادارے کے قیام پرخوشی ہے ، یہ منصوبہ عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے اورادارے کا قیام ادارے میں موجود ہر فرد کی محنت کا مرہون منت ہے ۔وزیر اعلی پنجاب نے بتایا کہ سیٹلائٹ کرائم یونٹ کا دائرہ 38 اضلاع تک بڑھایا جائے گا ،خواتین سائنس دانوں کے لیے 2 ارب 30 کروڑ کی لاگت سے ہاسٹل قائم کیا جائے گا ،اے آئی کا دائرہ کار سکولوں تک وسیع کیا جائے گا،ورچوئل پولیس سٹیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈیجیٹل انقلاب کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ کاروبار کی آسانی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔
قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا باقاعدہ افتتاح کیا اور بعد ازاں اتھارٹی کے مختلف شعبوں ولیبارٹری کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر پاکستان کی پہلی پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے خدوخال اور اعراض و مقاصد کے بارے میں معلوماتی ویڈیو بھی دکھائی گئی ۔











