اسلام آباد، 27 جنوری (اے پی پی): وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ تعلیمی شعبے میں شفافیت، ڈیجیٹلائزیشن اور میرٹ پر مبنی نظام کے فروغ کے لیے جامع اصلاحات نافذ کی جا چکی ہیں، جن کا مقصد ادارہ جاتی احتساب اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2024 سے وزارت کے تحت تمام خریداری پیپرا قواعد کے مطابق ای-پاک ایکوزیشن اینڈ ڈسپوزل سسٹم کے ذریعے کی جا رہی ہے، جبکہ وزارت فروری 2019 سے مکمل ای آفس کمپلائنٹ ہے، جس سے شفاف فیصلہ سازی اور مکمل آڈٹ ٹریل ممکن ہوئی ہے۔
وزیرِ مملکت کے مطابق وفاقی نظامتِ تعلیم میں مانیٹرنگ پورٹل فعال ہے، مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام زیرِ تکمیل ہے اور تمام شکایات وزیرِ اعظم کے پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کے ذریعے مقررہ مدت میں نمٹائی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیوٹیک کے تربیتی پروگرام مکمل میرٹ پر منعقد ہو رہے ہیں، جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا ای آر پی نظام “مکتب” 25 جامعات میں نافذ کیا جا چکا ہے اور بلاک چین پر مبنی ڈگری ویریفیکیشن سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔
وجیہہ قمر نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں بی ایس پروگرامز کے لیے مرکزی ای ایڈمیشن پورٹل اور آئی بی سی سی کا ون ونڈو آن لائن پلیٹ فارم فعال ہے، جس سے عوامی سہولت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ اصلاحات پورے ملک میں جدید، مؤثر اور شفاف تعلیمی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گی۔











