ملتان،27 جنوری (اے پی پی ): سپیشل سیکرٹری، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب امان اللہ نے نشتر ہسپتال ملتان کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اور آؤٹ ڈور کا تفصیلی دورہ کیا جس کا مقصد مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر عبدالقادر خان اور ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر زاہد بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سپیشل سیکرٹری نے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
انتظامی افسران نے سپیشل سیکرٹری کو ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں مہیا کی جانے والی طبی اور دیگر سہولیات، طبی آلات اور عملے کی تعیناتی کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی۔ سپیشل سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اور شعبہ آؤٹ ڈور میں صفائی، نظم و ضبط اور مریضوں کی سہولت کو مزید بہتر بنایا جائے اور شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومتِ پنجاب صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے پرعزم ہے، اور نشتر ہسپتال جیسے معتبر ادارے اس کوشش میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی اور ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی خان کی سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب مسٹر امان اللہ، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن جنوبی پنجاب مسٹر شہباز نقوی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندہ مسٹر احسن سے اہم ملاقات ہوئی جس میں جنوبی پنجاب میں صحت کے شعبے کی بہتری، نشتر میڈیکل یونیورسٹی اور اس سے منسلک طبی اداروں میں سہولیات کے فروغ، طبی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور جدید طبی ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے مہمانوں کو نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں جاری تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں، زیرِ تکمیل منصوبوں اور مستقبل کے اہداف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے یونیورسٹی میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات اور طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔











