خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری سےپرائم ہاسپٹل ہیلتھ کیئر فیسلٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر  کی ملاقات، بچوں میں کلب فٹ بالخصوص سندھ کے پسماندہ علاقوں میں علاج سے متعلق جاری اقدامات پر بریفنگ دی

10

اسلام آباد،20جنوری (اے پی پی): خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے ایوان صدر میں پرائم ہاسپٹل ہیلتھ کیئر فیسلٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شہزاد شفیق موسوی نے ملاقات کی اور بچوں میں کلب فٹ بالخصوص سندھ کے پسماندہ علاقوں میں علاج سے متعلق جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر موسوی نے کلب فٹ سے متاثرہ بچوں کے لیے مفت تشخیص اور جراحی علاج کی فراہمی، خصوصی میڈیکل کیمپس کے انعقاد اور بین الاقوامی سرجیکل ٹیموں کے ساتھ تعاون سمیت پی ایچ ایچ ایف کی کاوشوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ خاتون اول کو پروگرام کے دائرہ کار، بچوں کی نقل و حرکت بحال کرنے اور متاثرہ بچوں کے معیار زندگی میں بہتری پر اس کی توجہ کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔

 ڈاکٹر موسوی نے بتایاکہ کلب فٹ جسے طبی اصطلاح میں Congenital Talipes Equinovarus  (سی ٹی ای وی) کہا جاتا ہے، پیدائشی نقائص میں سے ایک عام عارضہ اور بچوں میں قابل تدارک معذوری کی ایک بڑی وجہ ہے۔خاتون اول کو آگاہ کیا گیا کہ بروقت اور بلا معاوضہ مداخلت کے ذریعے پی ایچ ایچ ایف نے 1,621 سے زائد آؤٹ پیشنٹس کے معائنے کیے اور 252 بچوں کا کامیاب علاج کیا جو اس امر کا ثبوت ہے کہ بروقت اور منظم علاج سے یہ عارضہ مکمل طور پر قابل علاج ہے۔خاتون اول نے اس انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام کو سراہا اور قابل تدارک و قابل علاج بچوں کی معذوریوں کی روک تھام کے لیے مسلسل توجہ کی اہمیت پر زور دیا۔ خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو نے کہا کہ بروقت طبی سہولتوں تک رسائی بچوں کو باوقار اور نتیجہ خیز زندگی گزارنے کے قابل بنانے میں فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر موسوی کو اس سنگین عوامی صحت کے مسئلے کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔اس موقع پر سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان، ارکان قومی اسمبلی سید نوید قمر اور شازیہ مری بھی موجود تھے۔