قومی اسمبلی اجلاس

13

اسلام آباد،  20 جنوری (اے پی پی ):وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں کراچی آتشزدگی کے واقعے پر بحث کے دوران کہا کہ گل پلازہ کی آگ نچلی سطح پر عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام صوبوں میں موثر بلدیاتی نظام کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔

انہوں نے ملک بھر میں یکساں نصاب اور بااختیار بلدیاتی نظام متعارف کرانے کے لیے بامعنی قانون سازی پر زور دیا ہے۔

بحث میں حصہ لیتے ہوئے فاروق ستار نے قومی معیشت میں کراچی کے اہم کردار پر زور دیا اور کہا  کہ شہر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے صوبائی دارالحکومت میں تجارتی مراکز کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

محمد اقبال خان کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پر صوبائی حکومتوں کے تعاون اور مشاورت سے عمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر درجنوں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے جا رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے واضح طور پر کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے ایوان کو بتایا کہ این ایف سی کے تحت جولائی 2010 سے نومبر 2025 تک خیبرپختونخوا کو 5867 ارب روپے دیے گئے، انہوں نے کہا کہ صوبے کو اندرونی طور پر بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) کے لیے ایک سو سترہ ارب روپے فراہم کیے گئے۔

شہلا رضا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آتشزدگی کے واقعے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام فعال ہے۔

اسد قیصر نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اس موقع پر خطاب کرنے والوں میں امین الحق، قادر پٹیل، شہریار خان آفریدی، اسد عالم نیازی، سید وسیم حسین، حمید حسین اور علی محمد خان شامل تھے۔

دریں اثناء آج ایوان کے سامنے دو بل پیش کئے گئے۔ ان میں آئین ترمیمی بل، 2026 (آرٹیکل- A 24 )اور دی انسٹی ٹیوٹ آف ویسٹ پنجاب، سرگودھا بل، 2026 شامل ہیں۔

ایوان کا اجلاس اب کل صبح گیارہ بجے ہوگا۔