ریسکیو 1122ملتان کی2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری،156855 افراد کو ریسکیو کیا گیا، ڈاکٹر حسین میاں

15

ملتان،01 جنوری (اے پی پی ):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملتان ڈاکٹر حسین میاں نے سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملتان ڈاکٹر حسین میاں کی زیرِ صدارت ریسکیو 1122 کا اجلاس سنٹرل ریسکیو اسٹیشن پر منعقد ہوا، ایمرجنسی افیسر محمد بلال، ریسکیو اینڈ سیفٹی، افیسر محمد ارشد خان کنٹرول روم انچارج مدثر ضیا اور اسٹیشن کوارڈینیٹرز نے شرکت کی   جس میں سالانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایمرجنسی آفیسر آپریشنز انجینئر محمد بلال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال 2025 میں ریسکیو 1122 ملتان کو مجموعی طور پر 691169 فون کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 130797 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان میں 30563 روڈ ٹریفک حادثات، 82114 میڈیکل ایمرجنسیز، 1324 آگ لگنے کے واقعات، 2970 کرائم کیسز، 74 عمارتیں منہدم ہونے کے واقعات، 28 ڈوبنے کے حادثات اور 9722 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔

ریسکیو 1122 ملتان نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے مجموعی طور پر 156855 افراد کو ریسکیو کیا، جن میں 97522 افراد کو جائے حادثہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 53840 مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ روڈ ٹریفک حادثات میں 220 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے۔ تمام ایمرجنسیز کا اوسط رسپانس ٹائم 08 منٹ رہا۔ پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت 7135 مریضوں کو ایک ہسپتال سے دوسرے اپ گریڈڈ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ موٹر بائیک ایمبولینس سروس نے 73830 ایمرجنسیز پر رسپانس کیا۔ ریسکیو 1122 ملتان نے 376 جانوروں اور پرندوں کو بھی ریسکیو کیا۔

سال 2025 کے دوران ہیڈ کوارٹر لاہور میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کے مقابلوں میں ریسکیو 1122 ملتان کی  (CERT)ٹیم نے  شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔  ریسکیو 1122 ملتان کی کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے 61 ٹیموں کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ریسکیو 1122 ملتان نے عوام میں حادثات سے بچاؤ اور ایمرجنسی میں مدد کے حوالے سے آگاہی مہم بھی جاری رکھی، جس کے تحت کالجز، یونیورسٹیز، ہسپتالوں، دفاتر اور مختلف اداروں میں ابتدائی طبی امداد اور آگ سے بچاؤ کی تربیت دی گئی۔ اس سلسلے میں مختلف تربیتی کورسز کروائے گئے جن میں 6,331 افراد کو تربیت فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ ضلع بھر میں 50 فٹ سے بلند عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ بلڈنگ انسپیکشن بھی کی گئی۔

سال2025 کے دوران شدید مون سون بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب کے دوران ریسکیو 1122 ملتان نے پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ آپریشن انجام دیا۔ دستیاب ریکارڈ کے مطابق فلڈ آپریشن کے دوران 39594 متاثرہ افراد کو ریسکیو کیا گیا، 449 ریسکیو میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے اس دوران 19,613 سیلاب کی وجہ آمدو رفت  فراہم کی گئی یہ آپریشن دوران سیلاب دن رات بلا تعطل جاری رہا۔ اس کے ساتھ ساتھ 9012 جانوروں کو بھی آفات زدہ علاقوں سے نکال کر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا

ریسکیو 1122 ملتان کے کمیونٹی سیفٹی ونگ کی جانب سے اسکول سیفٹی پروگرام کے تحت مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ، اساتذہ اور عملے کو ابتدائی طبی امداد، آگ سے بچاؤ، ہنگامی انخلاء اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی۔اب تک سکول و کالجوں یونیورسٹیوں اور اور متعلقہ اداروں میں 7000 سے زائد طلبہ اور اساتذہ  کو تربیت دی جا چکی ہے۔

عوام کی حفاظت اور سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکولوں اور مختلف محکموں میں موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ ان مشقوں میں ریسکیو 1122، پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں نے مشترکہ طور پر شرکت کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں  ایمرجنسی رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔

 حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر ریسکیو 1122 ملتان کی جانب سے ضلع بھر میں پرائیویٹ ایمبولینسز کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ اس اقدام کا مقصد ضلع میں موجود پرائیویٹ ایمبولینسز کی درست تعداد کا تعین کرنا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی آفت، بڑے سانحہ یا ہنگامی صورتحال میں ان ایمبولینسز کو مؤثر طور پر ایمرجنسی رسپانس کا حصہ بنایا جا سکے۔ رجسٹریشن کے ذریعے پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کی قانونی حیثیت اور سرگرمیوں پر نگرانی بھی ممکن بنائی جا رہی ہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملتان ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ ریسکیو 1122 عوام کا ادارہ ہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ہیلپ لائن 1122 پر غیر ضروری کالز سے گریز کریں اور صرف ایمرجنسی کی صورت میں رابطہ کریں۔ انہوں نے موٹر سائیکل سواروں کو دورانِ سفر ہیلمٹ کے لازمی استعمال کی بھی ہدایت کی۔